ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی اے اے مخالف احتجاج پر وزیر اعظم مودی نے کہا۔ اگر ہمت ہے تو کانگریس اور اس کے اتحادی پاکستان کے خلاف مظاہرہ کریں

سی اے اے مخالف احتجاج پر وزیر اعظم مودی نے کہا۔ اگر ہمت ہے تو کانگریس اور اس کے اتحادی پاکستان کے خلاف مظاہرہ کریں

Thu, 02 Jan 2020 23:30:42    S.O. News Service

ٹمکورو،2/جنوری (ایس او نیوز/یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو شہریت ترمیمی قانون (سی اےاے) کا دفاع کرتے ہوئے کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سی اےاے کی مخالفت کرنا پارلیمنٹ اور آئین کی مخالفت کرنا ہے۔ مودی نے ٹمکورو میں سدھ گنگا مٹھ میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’ہم پڑوسی ملک پاکستان سے ہجرت کرکے آئے دلت، سکھ، جین اور دوسرے مذاہب کے پناہ گزینوں کے مفاد میں سی اےاے لے کر آئے ہیں اور ہم نے ان کے تئیں اپنی ذمہ داری کو پورا کیا ہے‘‘۔

انہوں نے سی اےاے کے خلاف ہو رہے مظاہروں کو دلتوں، پچھڑوں، سکھ، جین اور دیگر کمیونٹی کے خلاف بتاتے ہوئے کانگریس اور اس کی حمایت یافتہ پارٹیوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو کانگریس اور اس کے اتحادی پاکستان کے خلاف مظاہرہ کریں، جہاں ہر مذہب کی اقلیتوں پر ظلم ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا’’ہم ان کے مفاد کے لئے قانون لے کر آئے جنہیں دہائیوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقتدار میں آئی ہے تب سے ملک میں امن و امان کا ماحول قائم ہوا ہے۔ عوام کے آشیرواد سے ہی اجودھیا میں رام مندر اور کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کے خواب کی تعبیر ملی ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران سدھ گنگا مٹھ کے پجاری آنجہانی شوكمارسوامی جی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پیجاور مٹھ کے سوامی کو بھی یاد کیا جن کا حال ہی میں انتقال ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے مٹھ انتظامیہ نے وزیر اعظم مودی کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ان کے ساتھ اس پروگرام میں کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس ید یورپا، مرکزی وزیر سدانند گوڑا، پرهلاد جوشی، سریش انگاڑی اور دیگر رہنما موجود تھے۔


Share: